قطع رحمی ....... قرآن وسنت کی روشنی میں
شیخ محمد ابراہیم صاحب الحمد ترجمہ: عبد اللطیف معتصم
قطع رحمی۔۔ ایک بڑا گناہ
قطع رحمی بہت بڑا گناہ اور عظیم جرم ہے جو رابطوں میں جدائی کا ذریعہ بنتی ہے اور تعلقات کو ختم کر دیتی ہے، عداوت اور دُشمنی پیدا کر کے دُوری کو پروان چڑھا تی ہے، اُلفت و محبت کو زائل کر کے اللہ تعالیٰ کی رحمت سے دُوری اور نزولِ رحمت اور دخولِ جنت سے مانع بنتی ہے۔ ذلت و تنہائی میں مبتلا کر کے غموم و ہموم میں اِضافہ کرتی ہے کیونکہ آزمائش اگر ایسی جہت اور ایسے شخص کی طرف سے سامنے آئے جس سے بھلائی اور خیر کی توقع ہو تو اُس کی ضرب سخت تکلیف دہ اور اَذیت ناک ہوتی ہے۔ اِس گناہ کی شناخت کے سلسلے میں باری تعالیٰ کا یہ اِرشاد کافی ہے۔
فَھَلْ عَسَیْتُمْ اِنْ تَوَلَّیْتُمْ اَنْ تُفْسِدُوْا فِی الْاَرْضِ وَتُقَطِّعُوْا اَرْحَامَکُمْo اُولٰئِکَ الَّذِیْنَ لَعَنَھُمُ اللّٰہُ فَاَ صَمَّھُمْ وَاَعْمٰی اَبْصَارَھُمْ۔ ( سُورہ محمد ٢٢، ٢٣)
''اور تم سے یہ بھی بعید نہیں کہ اگر تم کو حکومت مل جائے تو زمین میں فساد برپا کر دو اور رشتے ناتے توڑ ڈالو۔ یہ وہی لوگ ہیں جن پر اللہ کی پھٹکار ہے اور جن کی سماعت اور آنکھوں کی روشنی چھین لی ہے۔ ''
اور جنابِ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا فرمانِ مبارک ہے : '' لَایَدْ خُلُ الْجَنَّةَ قَاطِع '' یعنی جنت میں قطع رحمی کرنے والا داخل نہیں ہو گا، حضرت سفیان ثوری نے اِس حدیث کی تشریح کرتے ہوئے فرمایا : قَاطِع سے قطع رحمی کرنے والا مراد ہے۔
قطع رحمی کی صورتیں
قطع رحمی اُن امور میں سے ہے جو مسلمانوں کے معاشرے میں پھیل چکے ہیں خصوصاً عصرِ حاضر میں جس میں مادّی سرکشی بڑھی ہوئی ہے رشتہ داروں کے پاس آنا جانا کم ہو چکا ہے بہت سے لوگ اِس حق کی اَدائیگی میں کوتا ہی کرتے ہیں اور اِس حکم کو ضائع کرتے ہیں ۔قطع رحمی کی بہت سی صورتیں ہیں جس میں لوگ مبتلا ہیں
١۔ بعض لوگ تو وہ ہوتے ہیں جو رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی جانتے تک نہیں ، نہ مال و جاہ کے ذریعہ سے اور نہ اَخلاق و آداب کے ذریعہ سے، مہینوں کے مہینے اور سالوں کے سال گزر جاتے ہیں لیکن نہ رشتہ داروں کی خبر گیری کرنے جاتے ہیں ، نہ اُن کے سامنے اپنی محبت کا مظاہرہ کرتے ہیں نہ کوئی ہدیہ دیتے ہیں بلکہ اُن سے کسی تکلیف ہٹانے میں بعض اَوقات تو اُن کے ساتھ عملی طور پر برا سلوک کرنے پر اُتر آتے ہیں ۔
٢۔ بعض لوگ وہ ہوتے ہیں جو رشتہ داروں کے ساتھ نہ اُن کی خوشی میں شریک ہوتے ہیں اور نہ غم میں ، نہ اُن کی غمخواری کرتے ہیں نہ اُن میں سے محتاج و فقیر پر صدقہ کرتے ہیں بلکہ صدقاتِ واجبہ و خاصہ میں بھی غیروں کو رشتہ داروں پر مقدم رکھتے ہیں ۔
٣۔ بعض لوگ وہ ہوتے ہیں جو رشتہ داروں کے ساتھ اِس لیے صلہ رحمی کرتے ہیں کہ وہ بھی اِن کے ساتھ صلہ رحمی کر تے ہیں ، اور اگر وہ قطع رحمی کریں تو یہ بھی قطع رحمی کریں گے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ صلہ رحمی ہی نہیں ہے بلکہ نیکی کا بدلہ نیکی کے ساتھ دینا ہے اور ایسا تو صرف رشتہ داروں کے ساتھ نہیں کیا جاتا بلکہ غیر رشتہ داروں کے ساتھ بھی کیا جاتا ہے۔ صلہ رحمی کرنے والا تو وہ شخص ہے جو رشتہ دار سے صلۂ رحمی صرف اللہ کی رضا کے حصول کے لیے کرے چاہے وہ رشتہ دار صلہ رحمی کرے یا قطع رحمی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اِرشاد فرمایا
لیس الواصل بالمکافی ولکن الواصل الذی اذا قطعت رحمہ وصلھا۔( بخاری شریف)
'' یعنی وہ شخص صلہ رحمی کرنے والا نہیں کہلائے گا جو صلہ رحمی کے بدلہ میں صلہ رحمی کرے بلکہ صلہ رحمی کرنے والا وہ شخص ہے جس سے جب قطع رحمی کی جائے تو وہ صلہ رحمی کرے۔''
٤۔ قطع رحمی کی صورتوں میں سے یہ بھی ہے کہ بعض صاحبِ علم داعی پرایوں اور غیروں کو دعوت دینے پر تو حریص ہوتے ہیں اَور رشتہ داروں سے غافل ہوتے ہیں یا غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں جبکہ ایسا نہیں ہونا چاہیے رشتہ دار زیادہ حقدار ہیں اِس بات کے کہ اُنہیں بھلائی کی دعوت دی جائے، باری تعالیٰ کا فرمان گرامی ہے اپنے محبوب پیغمبر کو ''وَاَنْذِرْ عَشِےْرَتَکَ الْاَقْرَبِیْنَ '' ( سُورة الشعراء ٢١٤) کہ اپنے قریبی رشتہ داروں کو ڈرائیے۔
٥۔ قطع رحمی کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ بعض اَوقات ایک بڑے خاندان کے فرد کو اللہ تعالیٰ نے طالب علم، مصلح یا داعی بننے کی توفیق دی اَب یہ شخص دُوسرے لوگوں سے تو بڑی خندہ پیشانی سے پیش آتا ہے مگر اپنے رشتہ داروں سے سر کشی اور اَنا پن سے رُو برو ہوتا ہے چنانچہ اُس کا یہ روّیہ اُس کے وقار کو مجروح اُس کی بنیاد کو کمزور اور اُس کے اَثر کو کم کر دیتا ہے۔
٦۔ رشتہ داروں کو ٹولیوں میں بانٹ دینا اور اُن کی اجتماعیت کو پارہ پارہ کر دینا اور بعض کو بعض سے متنفر کر نا بھی قطع رحمی کی صورتوں میں سے ایک صورت ہے۔
قطع رحمی کے اسباب
قطع رحمی کے مختلف اسباب ہیں
١۔ جہالت : قطع رحمی کے عواقب اور انجام سے ناواقفیت جس کی وجہ سے قطع رحمی کرنے پر اُتر آتا ہے چنانچہ صلہ رحمی کے فضائل اور خوبیوں سے جہالت قطع رحمی کا باعث بنتی ہے۔
٢۔ ضعفِ تقوی : جب تقوی اور خوفِ خدا اور آخرت کا جذبہ ضعیف و کمزور ہو تو اِنسان کو قطع رحمی کرتے ہوئے کوئی پرواہ نہیں ہوتی باوجود اِس کے کہ اللہ تعالیٰ نے صلہ رحمی کا حکم دیا ہے، ایسے شخص کو نہ صلہ رحمی کے اَجر کمانے کی فکر ہوتی ہے اور نہ ہی قطع رحمی کے نقصانات کا اَندیشہ ہوتا ہے۔
٣۔ تکبر : بعض لوگ جب کسی بڑے منصب پر پہنچ جاتے ہیں یا کسی بلند مرتبے پر فائز ہو جاتے ہیں یا کوئی بڑا تاجر بن جائے تو رشتہ داروں کو حقیر سمجھنے لگ جاتے ہیں اور اُن کی زیارت کرنے اور اُن سے محبت سے پیش آنے میں عار محسوس کرتے ہیں اِس خیال کے پیشِ نظر کہ میرا حق بنتا ہے کہ لوگ میرے پاس آئیں اور میری زیارت سے مشرف ہوں ۔
٤۔ طویل جدائی : بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شخص ایک لمبا عرصہ اپنے رشتہ داروں سے کسی وجہ سے ملاقات نہیں کر پاتا جس کی وجہ سے اُسے اپنے رشتہ داروں سے ایک گونہ وحشت محسوس ہونے لگتی ہے چنانچہ پھر وہ ملاقات کرنے میں مزید تاخیر کرنے لگتا ہے جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آہستہ آہستہ قطع رحمی پیدا ہونے لگتی ہے اور یہ شخص اِس خود پسندی کے نتیجے میں علیحدہ گی پسند بن جاتا ہے۔
٥۔ سخت اِظہارِ ناراضگی : بعض لوگوں کے پاس جب اُن کے رشتہ داروں میں سے کوئی ایک طویل عرصے کے بعد ملاقات کر نے آ جائے تو بے تحاشہ غیظ و غضب کا اظہار کر دیتا ہے کہ آنے میں اِتنی تاخیر کیوں کی؟ جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آنے والے کے دِل میں نفرت پیدا ہو جاتی ہے اور اُس کے پاس آنے سے گھبراتا ہے اور قطع رحمی کرنے لگ جاتا ہے۔
٦۔ زیادہ تکلُّف کرنا : بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ جب کوئی رشتہ دار ملنے آتا ہے تو اُس کے اکرام و تواضع میں میزبان حد کر دیتا ہے اور بہت سارا مال ضائع کر دیتا ہے جبکہ اُس کی مالی استطاعت اِتنی نہیں ہوتی چنانچہ رشتہ دار اُس کے پاس آنے سے کتراتے ہیں کہ اُس کو نقصان سے بچائیں ۔
٧۔ مہمانوں کے ساتھ بے توجہی : بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ جب اُن کے پاس رشتہ دار آتے ہیں تو میزبان کی طرف سے توجہ نہیں ملتی ،نہ اُن کی بات غور سے سنتا ہے، نہ محبت کا اظہار کرتا ہے، نہ اُن کے آنے پر شکریہ اَدا کرتا ہے، نہ خوش ہوتا ہے، ترش رُوئی اور سرد مہری سے پیش آتا ہے جس کی وجہ سے مہمانوں کے دِل میں اُس کے دیدار کا شوق کم ہو جاتا ہے اور یہ روِش رفتہ رفتہ قطع رحمی کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔
٨۔ بخل وکنجوسی : بعض صاحبِ ثروت واستطاعت ہونے کے باوجود اپنے رشتہ داروں سے دُور بھاگتے ہیں اِس لیے نہیں کہ اُن میں تکبر ہوتا ہے بلکہ اِس وجہ سے کہ اگر رشتہ دار آ جائیں تو قرض پیسے مانگیں گے اور دیگر مطالبات کریں گے، بجائے اِس کے کہ گھر کے دروازے رشتہ داروں کے لیے کھلے رکھیں ، اُن کی مہمان نوازی کرے، اپنی استطاعت کے مطابق اُن کی خدمت کرے اور جو استطاعت سے باہر ہو اُس سے معذرت کرے، اِن سے اعراض برتتا ہے، قطع تعلقی اختیار کرتا ہے، اُنہیں تنہا چھوڑ دیتا ہے کہ کہیں رشتہ دار مطالبوں سے اُس کا مال کم نہ کر دیں ۔ آخر ایسے مال کا کیا فائدہ ایسی جاہ پے کرنا کیا جس سے رشتہ دار محروم ہوں ۔
٩۔ تقسیمِ میراث میں تاخیر کرنا : بعض اَوقات رشتہ داروں میں لا پرواہی یا بغض و عناد کی وجہ سے میراث کی تقسیم نہیں ہوتی، پھر جوں جوں تقسیمِ میراث میں تاخیر ہوتی چلی جاتی ہے تو رشتہ داروں میں بغض و عداوت بڑھتی چلی جاتی ہے، ایک اپنا حق مانگتا ہے کہ کچھ اِستفادہ کرے، دُوسرا وہ ہوتا ہے جو خود بھی تقسیمِ میراث سے پہلے مر جاتا ہے، اَب بعد والوں کے لیے ایک مصیبت کھڑی ہو جاتی ہے ورثاء کی تعیین ، اُن کے حصول کو معلوم کرنا، چنانچہ ایک دُوسرے پر بدگمانی کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے اور اِس سے اختلافات پیدا ہو جاتے ہیں ، ہمدردی بکھر جاتی ہے، اتفاق و اتحاد ختم ہو جاتا ہے چنانچہ اِن سب باتوں کا نتیجہ قطع رحمی کی صورت میں نکلتا ہے۔
١٠۔ رشتہ داروں کے درمیان شرکت : بسا اَوقات ایسا ہوتا ہے کہ کئی بھائی یا رشتہ دار کوئی کارو بار یا معاملہ با ہم شراکت سے شروع کر دیتے ہیں جبکہ اُس میں اُصول و ضوابط طے نہیں ہوتے کہ شرکت کن بنیادوں پر ہو گی، نفع و نقصان کس معیار پر تقسیم ہو گا، بلکہ صرف حسنِ ظن اختیار کرتے ہوئے اختصار و اجمال سے کام لے لیتے ہیں چنانچہ رفتہ رفتہ کاروبار ترقی کرتا ہے اور عمل کا دائرہ وسیع ہوتا چلا جاتا ہے، تو ہر ایک کو تجسّس ہونے لگتا ہے، بدگمانی حرکت کرنے لگتی ہے خصوصاً جب شرکاء اہل تقویٰ و ایثار نہ ہوں یا مستقل بالرائے ہوں یا یہ کہ بعض زیادہ کام کرنے والے ہوں ، اور اِس طرح اختلاف شروع ہو جاتا ہے، تعلق خراب ہو جاتا ہے، آپس میں جدائی و تفرقہ واقع ہو جاتا ہے اور بعض اَوقات لڑائی اور عدالتوں تک کی نوبت آ جاتی ہے، اور ایک دُوسرے کے لیے گالی و عار بن جاتے ہیں ، باری تعالیٰ کا اِرشاد ہے : وَاِنَّ کَثِیْراً مِّنَ الْخُلَطَآئِ لَیَبْغِیْ بَعْضُھُمْ عَلٰی بَعْضٍ اِلَّا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَقَلِیْل مَّاھُمْ اور اکثر حصہ دار اور شریک (ایسے ہوتے ہیں کہ) ایک دُوسرے پر ظلم کرتے ہیں سوائے اُن کے جو ایمان لائے اور جنہوں نے نیک عمل کیے اور ایسے لوگ بہت کم ہیں ۔
١١۔ دُنیا میں اِنہماک : بعض لوگ دُنیا کمانے میں اِس قدر مُنہمک ہو جاتے ہیں کہ صلہ رحمی کی فرصت ہی نہیں ملتی جب دیکھو تو دُنیا کے پیچھے دوڑ رہے ہیں ۔
١٢۔ رشتہ داروں میں طلاق کا واقع ہونا : بعض اَوقات رشتہ داروں میں طلاق واقع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے دونوں خاندانوں میں اختلاف واقع ہو جاتا ہے یا تو اَولاد کی وجہ سے یا بعض دیگر اُمور کی وجہ سے جو طلاق ہی سے متعلق ہوتے ہیں
١٣۔ دُوری اور آپس کی ملاقات میں سستی : کچھ لوگ وہ ہوتے ہیں جن کے گھر رشتہ داروں کے گھروں سے دُور ہوتے ہیں اور زیارت کرنے میں وقت لگتا ہے، اَب جب رشتہ دار کے پاس جانے کا اِرادہ کرتے ہیں تو مسافت کی مشقت نظر آتی ہے چنانچہ رشتہ دار کے پاس جانے اور ملاقات سے رہ جاتے ہیں ۔
١٤۔ رشتہ داروں کے گھروں کا قریب ہونا : جب رشتہ داروں کے گھر قریب ہوتے ہیں تو بعض اوقات اِس سے ایسے اختلافات واقع ہو جاتے ہیں جو قطع رحمی کا ذریعہ بنتے ہیں ، چنانچہ نفرتیں اور عداوتیں پیدا ہو جاتی ہیں ۔ حضرت امیر المؤمنین عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے فرمایا ''رشتہ داروں سے کہو ایک دُوسرے کے پاس آنا جانا رکھیں لیکن ایک دُوسرے کے پڑوسی نہ بنیں ''۔ حضرت امام غزالی حضرت عمر کی اِس قول کی تشریح کرتے ہوئے فرماتے ہیں : ''حضرت عمر نے رشتہ داروں کو ایک دُوسرے کے پڑوس میں رہنے سے اِس لیے منع فرمایا کہ اِس کی وجہ سے ہر وقت اُن کے حقوق کو نبھانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے وحشت پیدا ہو جاتی ہے اور قطعِ رحمی پیدا ہو جاتی ہے ۔'' (احیاء علوم الدین ٢/٢١٦ ) اکتم بن صیفی نے فرمایا : ''گھر ایک دُوسرے سے دُور رکھو، محبت میں ایک دُوسرے سے قریب رہو گے۔ '' (عیون الاخبار)
نیز گھروں کے ایک دُوسرے کے قریب ہونے سے بعض اوقات دُوسرے مسائل بھی پیدا ہو جاتے ہیں مثلاً اَولاد کے درمیان مخاصمت و لڑائی کی نوبت آتی ہے جس میں بسا اَوقات والدین بھی اپنے بچوں کا ساتھ دیکر دُوسرے کے مقابلے میں آ جاتے ہیں اور ہر ایک اپنے بچے کی برا ء ت کا خواہشمند ہوتا ہے جس کی وجہ سے عداوت دُشمنی اور قطع رحمی پیدا ہو جاتی ہے۔
١٥۔ رشتہ داروں کی بات برداشت نہ کرنا : بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنے رشتہ داروں کی اَدنی سے بات بھی برداشت نہیں کرتے ،اگر کسی رشتہ دار سے معمولی سی لغزش یا خطا ء سرزد ہو جائے تو یہ قطع تعلق اختیار کر کے قطع رحمی کرنے لگتا ہیں ۔
١٦۔ خاص مواقع بھول جانا : بعض اَوقات خاندان کے کسی ایک کے گھر میں ولیمے کی یا اور کوئی دعوت ہوتی ہے جس کے لیے وہ اپنے بعض رشتہ داروں کو زبانی طور پر یا بذریعہ خط یا بذریعہ ٹیلی فون مدعو کرتا ہے اَور کسی ایک رشتہ دار کو دعوت دینا بھول جاتا ہے، چنانچہ یہ رشتہ دار مغلوب النفس ہونے یا بد گمانی کی وجہ سے خیال کرنے لگتا ہے کہ مجھے حقیر سمجھ کر قصداً دعوت نہیں دی گئی چنانچہ یہ خیال اور بدگمانی آگے چل کر قطع رحمی کا سبب بن جاتی ہے۔
١٧۔ حسد : بعض اوقات کسی کو اللہ تعالیٰ علم و عزت عطا فرما دیتے ہیں یا اُس کی محبت دُوسرے کے قلوب میں ڈال دیتے ہیں اور وہ اپنے رشتہ داروں کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے اور دریا دِلی کا مظاہرہ کرتا ہے جس کی وجہ سے اُس کے بعض رشتہ دار اُس سے حسد کرنے لگتے ہیں ، اُس کے اخلاص میں شک کرنے لگتے ہیں اور اُس سے دُشمنی کر نے لگ جاتے ہیں ۔
١٨۔ کثرت مزاح : کثرت مزاح کا انجام بہت ہی برا ہوتا ہے بعض اَوقات ایک ایسا شخص جسے دُوسروں کا خیال نہ ہو، کوئی اَذیت ناک جملہ کس دیتا ہے جو دُوسرے حساس طبع شخص کے لیے قتل کے برا بر ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ شخص اُس سے بغض کرنے لگتا ہے چنانچہ مزاح کرنے والا اُس شخص کے ہاں مبغوض ہو جاتا ہے اور رشتہ داروں میں یہ بہت زیادہ ہوتا ہے کیونکہ اِن کا آپس میں مل بیٹھنا زیادہ ہوتا ہے۔ ابنِ عبد البر نے فرمایا کہ علماء کی ایک جماعت نے زیادہ مزاح کرنے کو مکروہ اور ناپسند قرار دیا ہے کیونکہ اِس کا انجام برا ہوتا ہے، ایک دُوسرے کی عزت و آبروسے متعلق کلام تک نوبت آ جاتی ہے، کینہ و بغض آپس میں پیدا ہونے کا اَندیشہ ہوتا ہے اور بھائی چارگی و اخوت میں رخنہ پڑ جاتا ہے۔ (بھجة المجالس )
١٩۔ چغل خوری : بعض لوگوں کی عادت و فطرت ہوتی ہے کہ لوگوں کے آپس میں تعلقات خراب کریں وہ اِس کوشش میں لگے رہتے ہیں کہ دو بندوں کے تعلقات آپس میں کیسے خراب ہوں اور اُن میں جدائی واقع ہو اور اُن کا خلوص مکدر ہو جائے چنانچہ چغل خوری کرتے ہیں اور اِس کی وجہ سے کتنے گھرانے اُجڑ گئے۔ قطع رحمی اور چغل خوری میں سب سے بڑا جرم یہ ہے کہ اِنسان دُوسرے کی باتوں کی ٹوہ میں لگا رہ کر اُنہیں سنے۔
٢٠۔ بیگمات کی بد سلوکی : بعض لوگوں کی بیگمات بد اخلاق اور تنگ دل ہوتی ہیں ، کسی کو برداشت نہیں کر تیں ، یہ نہیں چاہتیں کہ اُس کے شوہر کے بارے میں کوئی شخص اُن کے اَقربا میں سے شریک ہو جائے۔ سو مسلسل لگی رہتی ہے کہ اپنے شوہر کو رشتہ داروں سے متنفر کرتی رہتی ہیں اور اُن سے صلح رحمی کرنے اور اُن کی زیارت کرنے سے منع کرتی رہتی ہیں ۔ جب شوہر اپنے اقرباء کی ضیافت و دعوت کا اِرادہ کرتا ہے تو بیوی درمیان میں آڑے آ جاتی ہے اَور جب شوہر اقرباء کی ضیافت و دعوت کرتا ہے تو بیوی مہمانوں سے اچھا روّیہ نہیں رکھتی، ہر وقت چیں بہ جبیں رہتی ہے اور بعض اصحاب تو اپنا مکمل چارج بیوی کے حوالے کر دیتے ہیں ، اَب اگر بیوی رشتہ داروں سے خوش ہو تو صلہ رحمی کرتے ہیں ورنہ قطع رحمی کرتے ہیں ، بلکہ بعض اوقات بیگمات کی خوشی کے لیے والدین کی نافرمانی پر بھی تیار ہو جاتے ہیں حالانکہ والدین اپنے بچے کے بہت زیادہ محتاج ہوتے ہیں ۔یہ چند وہ اسباب تھے جو بسا اَوقات ہجران و قطع رحمی کا باعث بنتے ہیں ۔
قطع رحمی کا علاج
قطع ر حمی اور اُس کے نقصانات اور اُس کے چند اسباب کا ذکر گزر چکا، اِن کی روشنی میں عقلمند کے لیے یہی مناسب ہے کہ قطع رحمی کرنے سے احتیاط برتیں ، اُن اسباب سے اجتناب کریں جو قطع رحمی کا سبب بنتے ہیں ۔ اور اگر وہ صلہ رحمی کرے،صلہ رحمی کے فضائل سے واقفیت حاصل کرے، صلہ رحمی کے اَسباب تلاش کرے اور رشتہ داروں کے ساتھ حسنِ اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُن آداب کا لحاظ رکھے جو اُن کے شایانِ شان ہوں ۔ لیکن سوال یہ ہے کہ صلہ رحمی کیا چیز ہے؟ صلہ رحمی کیسے کی جائے؟ اُس کی فضیلتیں کیا ہے؟ اَسباب صلہ رحمی اور اِس کے طرق کیا ہیں ؟ رشتہ دار کے ساتھ کن آداب کا لحاظ رکھا جائے؟
صلہ رحمی کیا ہے؟
مشہور ماہر لغت ابنِ منظور افریقی رحمہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : وَصَلْتُ الشَّیْئَ وَصْلاً وُصْلَةً یعنی صِلَة مصدر ہے وَصَلَ یَصِلُ کا معنٰی ہیں ضد یعنی قطع تعلق کی ضد۔ (لسان العرب ١١/٧٢٦)نیز فرمایا : اور کہا جا تا ہے : وَصَلَ فُلان رَحِمَہ یَصِلھَُا صِلَة وَبَیْنَھُمَا وُصْلَة اَیِ اتِّصَال وَذَرِیْعَة : یعنی صلہ کا معنی رابطہ وتعلق کے ہیں ۔ نیز فرمایا : اَلتَّوَاصُلُ ضِدُّ التَّصَادُمِ یعنی تواصل تصادم کی ضد ہے (اور تصادم کے معنی باہم قطع تعلق کے ہیں تو تواصل کے معنٰی باہم صحتِ تعلق استوار کرنے کے ہوں گے)۔
نیز مشہور ماہر لغت ابن الاثیر نے فرمایا : صِلَةُ الرَّحِمِ کنایہ ہے نسبی وسسرالی رشتہ داروں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے، اُن کے ساتھ شفقت کا معاملہ کرنے، اُن کی دیکھ بھال کرنے سے، اگر چہ وہ بدخوئی اور بُعد کا مظاہرہ کریں ، اور اِن تمام باتوں کے خلاف قطع رحمی کہلائے گا۔
صلہ رحمی کیسے کی جائے؟
صلہ رحمی متعدد اُمور کے ساتھ کی جا سکتی ہے جیسے اُن کی زیارت اور اُن سے ملاقات کی جائے، اُن کے اَحوال معلوم کیے جائیں ، اُن کی خیریت معلوم کی جائے، اُن کے پاس ہدیہ پیش کر کے، اُن کے مراتب کا لحاظ کرتے ہوئے اُن کے ساتھ برتاؤ کرنا، اُن کے بڑوں کی تعظیم کرنا، اُن کے چھوٹوں اور کمزوروں کے ساتھ شفقت کا معاملہ کرنا، اُن کے غریب و محتاج کی حاجت براری کرنا، اور مالدار کے ساتھ نرمی برتنا، بذریعہ ٹیلی فون، خط، زبانی اور دیگر مختلف ذرائع سے اُن کی خیریت اور حال و اَحوال معلوم کر لیا کریں ۔ دعوت و ضیافت کے ذریعہ بھی ہو سکتا ہے جبکہ حسنِ استقبال اعزاز۔ نیز خوشیوں میں شرکت ، غموں و تکالیف میں ہمدردی و دُعا، خلوص و صفاء نیت، ناچاقی و نا اِتفاقی پیدا ہونے کی صورت میں صلح و صفائی کروانا، اور اُن کے ساتھ تعلق اور اِ س کے لیے کوشش کرنا، اُن کے مریضوں کی عیادت کرنا، اُن کی دعوت قبول کرنا۔ اور صلہ رحمی کا سب سے بڑا سبب یہ ہے کہ اُن کی اصلاح و ہدایت پر حریص رہے، بھلائی کا حکم دیں اور بدی سے منع کریں ، صلہ رحمی کا یہ مذکورہ بالا طریقہ کا راُس صورت میں ہو گا جب رشتہ دار مسلمان نیک، صالح، سلیم القلب صحیح الفکر لوگ ہوں ۔
لیکن اگر خدا نخواستہ کا فر یا فاسق ہوں تو اُن کے ساتھ صلہ رحمی پند و نصیحت وعظ تذکیر کے ذریعہ کی جائے اور اِس سلسلے میں اپنی حد درجہ کوشش کرے لیکن اِس کے باوجود بھی اگر اُن کی طرف سے کوئی التفات و توجہ نظر نہ آئے اور اعراض و تکبر و عناد کا سا منا کرنا پڑے یا اُن کی ہدایت سے ما یوس ہو جائے اور اپنی جان پر خوف پیدا ہو کہ اُن سے متاثر ہو جائے گا اور اُن کی صف میں شریک ہو جائے گا تو اَب اُن سے دُور ہو جائے اور اُن کو چھوڑ دے اچھے طریقے سے کہ اُن کو کوئی تکلیف نہ پہنچے اور اُن کی ہدایت کے لیے اللہ تعالیٰ سے خوب خوب خوب دُعائیں مانگے شاید کہ آپ کی دُعاؤں سے اللہ تعالیٰ اُن کو ہدایت دے دے۔ پھر اگر اُن رشتہ داروں کی طرف سے کوئی موقع پائے اور اگر فرصتِ دعوت میسر آئے تو موقع ضائع نہ کرے بار بار اُن کی دعوت کے سلسلے میں جائے۔
رشتہ داروں کو دعوت دینے کے سلسلے میں جس بات کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے وہ ہے حسنِ اخلاق کا مظاہرہ، دعوت میں نرم خوئی، حکمت اور عمدہ اسلوب اختیار کرنا، بحث و مباحثہ سے اجتناب کر تے ہوئے اِس بات کی پوری کوشش کی جائے کہ ایسے میں بھی اپنا رویہ اچھا رکھے اِس لیے کہ بہت سے داعی حضرات خاندان و قبیلہ میں زیادہ اَثرو رُسوخ نہیں رکھتے جس کے متعدد اَسباب ہیں ، اُن ہی اَسباب میں سے ایک سبب یہ ہے کہ مبلغین حضرات اِس جانب زیادہ توجہ نہیں دیتے اور اِس کا اہتمام نہیں کرتے، اگر اِس جانب بھی (شروع سے) مختلف اعلیٰ طریقوں سے کوشش کرتے تو رشتہ داروں کی دعوت میں ضرور کامیاب ہوتے، اور خاندان و قبیلے میں اَثرو رُسوخ والے بھی ہوتے، اِن مختلف طرق میں سے یہ ہے کہ رشتہ داروں کے ساتھ تواضع وخاکساری سے پیش آیا جائے، اِن کے سامنے اُن پر اعتماد و بھروسہ اور صلہ رحمی کا مظاہرہ کیا جائے اور اِس کے علاوہ دیگر وہ اعمال اختیار کیے جائیں جن کے ذریعہ اُن کی محبت رشتہ داروں کے دلوں میں رچ بس جائے اور وہ اُن سے محبت کر نے لگیں ، خاندان و قبیلے والوں کو بھی چاہیے کہ اپنے قبیلے کے داعی علماء حضرات کی عظمت کو بلند کریں اور اُن کی شان میں کسی بھی طرح سے گستاخی سے اجتناب کریں ۔ جب خاندان اِس نہج پر چلیں گے تو یہ بات کوئی بعید نہیں کہ وہ ترقی کے مدارج اور فضیلت کے مراتب کو طے کرتے ہوئے بلندیوں کے اَوج پر پہنچ جائیں ۔
صلہ رحمی زیادتی عمر و فراخیِ رزق کا سبب
حضرت اَنس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا جو شخص اِس بات کو پسند کرے کہ اُس کی عمر میں اضافہ و زیادتی ہو اور اُس کے رزق میں فراخی کر دی جائے تو اُسے چاہیے کہ صلہ رحمی کرے۔ زیادتی عمر و فراخی رزق کے سلسلے میں حضرات علماء کرام نے فرمایا
١۔ زیادتی عمر سے مراد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ صلہ رحمی کر نے والے شخص کی عمر میں برکت، جسم میں قوت عقل میں وزن، عزم کو پختگی فراہم کر دیتے ہیں چنانچہ اُس کی زندگی خوبصورت و بہترین صفات کا مرقع بن جاتی ہے۔
٢۔ زیادتی سے مراد حقیقی زیادتی ہے لہٰذا جو شخص صلہ رحمی کرتا ہے اللہ تعالیٰ اُس کی عمر بڑھا دیتے ہیں اور اُس کا رزق فراخ کر دیتے ہیں ۔
اور یہ کوئی انوکھی اور قابلِ تعجب بات نہیں ، جس طرح صحت کے لیے تازہ ہوا، عمدہ غذا، اور جسم وجاں کے لیے دیگر اشیاء مقویہ طول عمر کے اَسباب میں سے ہیں ، اسی طرح صلہ رحمی کو بھی اللہ تعالیٰ نے طول عمر کے لیے ایک سببِ ربانی قرار دیا ہے۔ اِس لیے وہ اشیاء جو مرغوبات و لذائذ کے حصول کا سبب بنتے ہیں اُن کی دو قسمیں ہیں : ایک قسم کے اسباب وہ ہیں جو کہ محسوسات کے قبیل سے ہیں جن کا ادراک عقل سے ممکن ہے، اور دُوسری قسم کے وہ اسباب ہیں جن کو قاد رِ مطلق نے مقرر فرمائے، یہ تمام اسباب اور دُنیا کے سارے کام اُس کی مشیت کے تابع ہیں ۔
بعض اَوقات یہ بات لوگوں کی سمجھ میں نہیں آتی تو کہنے لگتے ہیں کہ جب رزق مقدر ہے، عمریں مقرر ہیں نہ کم ہو سکتی ہے نہ زیادہ جیسا کہ باری تعالیٰ کا اِرشاد ہے '' وَلِکُلِّ اُمَّةٍ اَجَل فَاِذَا جَآئَ اَجَلھُُمْ لَا یَسْتَأْخِرُوْنَ سَاعَةً وَّلَایَسْتَقْدِمُوْنَ'' اَب اِس آیت اور حدیث میں کیسے تطبیق ہو؟ جواب یہ ہے کہ تقدیر کی قسمیں ہیں
پہلی قسم : مشیت یا مبرم یا مطلق: یہ تقدیر لوحِ محفوظ میں ہوتی ہے اِس میں کوئی تبدیلی و تغیر واقع نہیں ہو تی۔
دُوسری قسم : معلق و مقید: یہ تقدیر فرشتوں کے صحیفوں میں لکھی ہو تی ہے اور اِس تقدیر میں کمی و زیادتی ہو تی ہے۔
حضرت شیخ الا سلام علامہ ابنِ تیمیہ نے فرمایا : اَجل کی دو قسمیں ہیں
١۔ مطلق جس کو اللہ تعالیٰ جانتے ہیں ۔
٢۔ اَجلِ مقید اور اِسی سے حدیث (مَنْ سَرُّہ اَنْ یُّبْسَطَ لَہ فِیْ رِزْقِہ وَیُنْسَأَ لُہ فِیْ اَثَرِہ فَلْیَصِلْ رَحِمَہ) کا معنی واضح ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ فرشتے کو حکم دیتے ہیں کہ فلاں شخص کے لیے ایک مدت مقرر لکھ دے اور فرماتے ہیں اگر صلہ رحمی کرے تو اُس کی عمر اِتنی اور اِتنی زیادہ کر دو جبکہ فرشتہ نہیں جانتا کہ زیادہ ہو گا یا نہیں لیکن اللہ تعالیٰ اُس کے ''مال '' سے با خبر ہوتے ہیں لہٰذا جب وقتِ مقرر آتا ہے تو اُس سے نہ آگے بڑھ سکتا ہے اور نہ پیچھے ہو سکتا ہے۔ (مجموع الفتاویٰ ٨/٥١٧)
ایک اور مقام پر رزق کے متعلق اُن سے پو چھا گیا کہ رزق زیادہ ہوتا ہے کہ نہیں ؟ تو جواب دیا کہ رزق کی دو قسمیں ہیں : ایک وہ جو اللہ تعالیٰ کے علم میں ہے کہ اِسے اِتنا رزق دیا جائے گا یہ متغیر نہیں ہوتا۔ دُوسری وہ جو لکھ کر فرشتوں کو بتا دیا ہے اَسباب کے پیش نظر یہ کم یا زیادہ ہوتا ہے۔ پھر اسباب رزق منجملہ اُن چیزوں میں سے ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے مقدر فرما کر لکھ دیا ہے۔ سو اللہ تعالیٰ نے اگر یہ بات طے کر دی ہو کہ فلاں بندے کو اُس کی سعی اور محنت اور کمانے سے رزق ملے گا تو اُس کو سعی و کسب کا طریقہ بھی سکھا دیتے ہیں اور وہ رزق جو اُس کے لیے بغیر کسب کے مقرر کیا ہوتا ہے (جیسے وراثت کا مال) تو وہ اُس کے پاس بغیر کسب کے آتا ہے۔ (مجموع الفتاویٰ ٨/٥١٧)اور ایسی صورت حال کا پیدا ہونا پہلے سے علم ہونے کے خلاف نہیں بلکہ اِس میں صرف مسبَّب کو اُن کے اسباب کے ساتھ مقید فرمایا ہے جیسے شکم سیری اور سیرابی کو کھانے پینے کے ساتھ وابستہ کیا ہے۔ کیا کوئی عاقل شخص یہ کہہ سکتا ہے کہ مسبَّب کو اسباب کے ساتھ مربوط کرنا سبقتِ علم کے خلاف ہے یا یہ اُس کے کسی بھی طرح منافی ہے؟ (تنبیہ الا فاضل ص ٣٢)
صلہ رحمی
صلہ رحمی کر نے والے کو اللہ تعالیٰ کی توجہ کھینچتی ہے اللہ تعالیٰ نے جب تخلیقِ خلقت کی اور اُس سے فارغ ہوئے تو صلہ رحمی کھڑی ہوئی اور کہا یہ قطع رحمی سے پناہ مانگنے کا مقام ہے اللہ تعالیٰ نے فرمایا جی ہاں ! کیا تجھے یہ بات پسند نہیں کہ میں اُس شخص کے ساتھ تعلق رکھوں جو تیرے ساتھ تعلق رکھے اور تعلق ختم کروں جو تیرے ساتھ تعلق منقطع کرے؟ کہنے لگی کیوں نہیں ، اللہ تعالیٰ نے فرمایا بس یہ مقام تیرا ہے۔
صلہ رحمی دخولِ جنت کا بڑا سبب
حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک آدمی نے کہا اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم مجھے کوئی ایسا عمل بتا دیجیے جو مجھے جنت میں داخل کر دے اور جہنم سے دُور کر دے تو جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا : اللہ کی عبادت کرو اور اُس کے ساتھ کسی کو شریک مت ٹھہراؤ، نماز کی پابندی کرو اور زکوٰة کی اَدائیگی کرو اور صلہ رحمی کرو۔
صلہ رحمی اللہ تعالیٰ کی اطاعت : صلہ رحمی کرنا ایک ایسا کام ہے جس کا حکم اللہ تعالیٰ نے دیا ہے جیسا کہ باری تعالیٰ صلہ رحمی کرنے والوں کی تعریف کر تے ہوئے اِرشاد فرماتے ہیں : وَالَّذِیْنَ یَصِلُوْنَ مَا اَمَرَ اللّٰہُ بِہ اَنْ یُّوْصَلَ وَیَخْشَوْنَ رَبَّھُمْ وَیَخَافُوْنَ سُوْئَ الْحِسَابِ۔
صلہ رحمی دینِ اِسلام کے محاسن میں سے ہے
اِسلام صلہ رحمی کی تعلیم،نیکی اَور شفقت کا دَرس دیتا ہے صلہ رحمی کا حکم اَور قطع رحمی سے منع کرتا ہے جو کہ مسلمانوں کی جماعت کو مربوط متحد کرنے کے ساتھ با ہمی محبت کی تلقین کرتا ہے بخلافِ دُوسرے مذاہبِ باطلہ کے جس میں اِس بات کا نہ کوئی لحاظ ہے نہ اہتمام۔ تمام شرائع سماویہ صلہ رحمی کا حکم دیتی ہیں اور قطع رحمی سے منع کرتی ہیں جس سے صلہ رحمی کی منقبت و فضیلت واضح ہو تی ہے۔
صلہ رحمی اچھی تعریف کا سبب ہے
صلہ رحمی اچھی تعریف کا سبب ہے،اچھے تذکرے کا باعث بنتی ہے، یہاں تک کہ دَورِ جہالیت کے لوگ بھی صلہ رحمی کرنے والے کی تعریف کرتے تھے اور صلہ رحمی کرنے والوں کے حق میں کلماتِ خیر کہتے تھے اعشی اسود بن المہنذر بن یزید اللخمی کی تعریف کر تے ہوئے کہتا ہے
عِنْدَہُ الْحَزْمُ وَالتُّقٰی وَأَسَی الصَّرُع
وصلَاتُ الْاَرْحَامِ قَدْ عَلِمَ النَّاسُ
وَحَمْل لِّمُضْلَعٍِ الْاَثْقَالِ
وَفَکُّ الْاُسٰرٰی مِنَ الْاَغْلَال
وہ صاحب دانش، تقوی اور مقابل کو زیر کر دینے والے اور کمزور وں کے بوجھ اُٹھانے والے تھے، نیز صلہ رحمی کر نے والے قیدیوں کو اُن کی قید سے آزاد کر دینے والے تھے جیسا کہ لوگوں کے علم میں ہے۔
صلہ رحمی باطنی محاسن کی علامت ہے
صلہ رحمی باطن کی اچھائی ، وسعتِ ظرف، حسن اَخلاق، وفاداری اور اَقرباء کے ساتھ اخلاص پر دلالت کر تی ہے۔ اِسی وجہ سے کہا گیا ہے جو اپنے رشتہ داروں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتا تو آپ کے ساتھ کیسے اچھا سلوک کر سکتا ہے، جو اُن کا دفاع نہیں کرتا تو وہ آپ کا دفاع بھی نہیں کر سکتا۔
رشتہ داروں میں محبت کا پھیلنا
صلہ رحمی کی وجہ محبت بڑھتی ہے، اُلفت پھیلتی ہے، رشتہ دار ایک جسم کی مانند بن جاتے ہیں پھر اُن کی زندگی آرام اور اُن میں خوشیاں بڑھ جاتی ہیں ۔
صلہ رحمی کر نے والے کی عظمتِ شان
اِنسان جب اپنے رشتہ داروں سے صلہ رحمی کرتا ہے اور اُن کی عزت کر نے پر حریص رہتا ہے تو پھر رشتہ دار بھی اُس کا اعزاز و اِکرام کر تے ہیں اُس کی توقیر و تعظیم کر تے ہیں ۔اُسے اپنا سردار و قائد بنا کر خود اُس کے مدد گار بن جاتے ہیں ۔
وَلَمْ اَرَ عِزًّا لِاِمْرِءٍ کَعَشِیْرَةٍ
وَلَمْ اَرَ ذِلًّا مِثْلَ نَأْیٍ عَنِ الْاَھْلِ
رشتہ داری سے زیادہ عزت آدمی کے لیے کوئی چیز نہیں اَور رشتہ داروں سے دُوری اختیار کر نے سے زیادہ ذِلت نہیں دیکھی۔
آپس میں صلہ رحمی کرنے والوں کی عزت
آپس میں صلہ رحمی کرنے والے اَور محبت و اُلفت رکھنے والے کی عظمت و عزت کی جاتی ہے، اُن کے ذکرِ خیر کا چرچا ہوتا ہے جس کی وجہ سے اُن کی ایک شان بن جاتی ہے، نہ اُنہیں کوئی نقصان پہنچاسکتا ہے اَور نہ ہی اُن پر ظلم کر سکتا ہے تو وہ معزز پڑوسی محفوظ قوم بن جاتے ہیں ۔ بخلاف اُن کے جو قطع رحمی کر تے ہیں اور رشتہ داروں سے پیٹھ پھیر تے ہیں وہ لوگ بے حیثیت اور ذلیل ہو کر رہ جاتے ہیں اور اُن کو روز بروز ذِلت اور رُسوائی کا سا منا کرنا پڑتا ہے۔
صلہ رحمی کو تقویت دینے والے اُمور
کچھ آداب اَور اُمور ایسے ہیں کہ اُن کا ذکر کر نا صلہ رحمی کے سلسلے میں کافی مفید و مدد گار معلوم ہو ر ہے ہیں
١۔ صلہ رحمی پر مرتب ہونے والے آثار کا اِستحضار
اشیاء کے ثمرات و فوائد کا جاننا اَور اچھے اَنجام کا اِستحضار رکھنا ہی کام کرنے کے بنیادی اسباب ہیں جس کے لیے وہ بھر پور کو شش میں لگا رہتا ہے۔
٢۔ قطع رحمی کے انجام میں غور و فکر کر نا
قطع رحمی کا نتیجہ حزن و ملال، حسرت و ندامت اَور اِسی طرح کی دُوسری افسوس ناک چیزیں ہیں ، اِس میں غور کرنا قطع رحمی سے بچنے اَور دُور رہنے میں معین و مدد گار ثابت ہو گا،انشاء اللہ۔
٣۔ اللہ تعالیٰ سے دُعا
اللہ تعالیٰ سے صلہ رحمی کرنے کی توفیق اور اقرباء کے ساتھ اچھا تعلق رکھنے کی دُعا کرے۔
٤۔ برائی کے مقابلے میں اچھائی کرنا
یہ ایسی خصلت ہے جو تعلق و محبت کو باقی رکھتی ہے رشتہ داروں کے تعلقات کی حفاظت کر تی ہے چنانچہ آدمی کے لیے رشتہ داروں کی سختی اور برائی کا تحمل آسان ہو جاتا ہے۔ اسی وجہ سے ایک شخص نے نبی اکرمؐ کی خدمت میں حاضر ہو کر کہا کہ اے اللہ کے رسول ! میں رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی کرتا ہوں اور وہ میرے ساتھ قطع رحمی کرتے ہیں ،میں اُن کے ساتھ اچھائی کا معاملہ کرتا ہوں اور وہ میرے ساتھ برائی کا معاملہ کرتے ہیں ، میں اُن کے ساتھ علم والا معاملہ کرتا ہوں اور وہ میرے ساتھ جہالت والا معاملہ کرتے ہیں ۔ جنابِ نبی کریمؐ نے اِرشاد فرمایا : اگر ایسا ہی ہے جیسا تو نے کہا '' فَکَاَنَّمَا تُسَُفِّھھُُمُ الْمَلَّ وَلَا یَزَالُ مَعَکَ مِنَ اللّٰہِ ظَھِیْر مَادُمْتَ عَلیٰ ذَالِکَ۔'' (مسلم ٢٥٥٨)
حضرت امام نووی نے اِس حدیث کی شرح میں فرمایا : اِس حدیث میں اُس تکلیف کی جو اُس کو رشتہ داروں سے پہنچتی ہے اُس تکلیف کے ساتھ تشبیہ دی ہے جو گرم راکھ کھا نے سے پہنچتی ہے جبکہ اُس اچھائی کرنے والے کا کوئی نقصان نہیں بلکہ اُس کے رشتہ داروں کے حصے میں قطع رحمی کر نے اور اُسے تکلیف پہنچانے کی وجہ سے بہت بڑا گناہ آیا ہے۔
(ایک دُوسرے قول کے مطابق ) : مطلبِ حدیث یہ ہے کہ آپ اپنے اچھے اَخلاق کے ذریعے اُسے رُسوا کرتے رہیں اور اُن کی ذات کو اُن کے ہی دِلوں میں حقیر بنا دیں اپنے اَحسانات کے ذریعے سے بُرے کرتوتوں کی رُسوائی اور حقارت اُن کی ذات پر ہی پڑے گی۔
(ایک تیسرے قول کے مطابق ) : مطلبِ حدیث یہ ہے کہ جو لوگ اُس کے احسان کی وجہ سے کھاتے ہیں اُن کی مثال مل کی طرح ہے جو کہ اَنتڑیوں کو جلا دیتی ہے۔ درحقیقت یہ حدیث بہت بڑی تسلی ہے اُن لوگوں کے لیے جو کہ رشتہ داروں کی طرف سے بد اَخلاقی کا شکار ہیں ، نیکی کا بدلہ برائی سے دیتے ہیں ۔ اور اِس میں نیکو کاروں کو ہمت دلائی گئی ہے کہ وہ بلند اور اعلیٰ اخلاق پر قائم و دائم رہیں کہ اللہ اُن کے ساتھ ہیں اُن کی مدد و نصرت کر نے والے اور بدلہ دینے والے ہیں ۔
٥۔ معذرت پر عذر قبول کرنا
کیا ہی اچھا معاملہ حضرت یوسف علیہ السلام نے اپنے بھائیوں کے ساتھ کیا تھا۔ حضرت یوسف علیہ السلام کے ساتھ اُن کے بھائیوں نے کیا کچھ نہیں کیا تھا لیکن اُنہوں نے عذر خواہی کی تو عذر قبول کر لیا اور اُن سے در گزر کیا اچھے طریقے سے، لعنت و ملامت کی نہ اُنہیں کوئی تکلیف پہنچائی اَور ڈانٹ پلائی بلکہ اُن کے لیے دُعا کی اَور اللہ تعالیٰ سے اُن کے لیے مغفرت و بخشش کی دُعا مانگی۔
٦۔ بغیر معذرت کے بھی اُن سے در گزر کرنا
اور اُن کے عیبوں کو بھلانا ، یہ ایک اچھی صفت اور شرافت نفس وعلو ہمت پر دلالت کر تی ہے، چنانچہ سمجھدار اور عقلمند شخص رشتہ داروں سے عفو و دَرگزر کر کے ہمیشہ اُن کے عیوب پر پردہ ڈال دیتا ہے گویا یاد ہی نہیں ۔
٧۔ عاجزی و نرمی اِختیار کرنا
یہ ایک ایسی صفت ہے کہ آدمی کو رشتہ داروں میں محبوب اور اُن کے قریب کر دیتی ہے۔سچ کہا ہے کسی نے : جو شخص سرداری کا خواہشمند ہوا تو اُسے تقویٰ اور نرمی اختیار کرنی چاہیے اور برائی کرنے والے کی طرف توجہ نہ دے اور ساتھی کی جہالت پر برداشت کا مظاہرہ کرے۔
٨۔ چشم پوشی اختیار کرنا
چشم پوشی اور تغافل (اَنجان پن) بڑے اَور با عظمت لوگوں کے اخلاق میں سے ہے یہ ایسی چیز ہے جو محبت پیدا کرتی ہے۔ یقیناً یہ ایسی صفت ہے کہ دُشمنی کو دبانے اور بغض و عناد کو ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے نیز شفاف شخصیت اور اُس کی بلندی پر دلالت کرتی ہے اور مرتبہ و شان کو کو بلند کرتی ہے بلکہ یہ چشم پوشی تو تمام لوگوں کے معاملے میں اچھی ہے اور رشتہ داروں کے معاملے میں بہت ہی اَولیٰ ہے۔
ابنِ حبان رحمہ اللہ نے فرمایا : جو شخص لوگوں کے ساتھ اُن کے ناپسندیدہ کاموں کے سلسلے میں چشم پوشی سے کام نہیں لیتا اُن کی اچھی چیز سے ترکِ توقع نہیں کرتا تو اُس شخص کی زندگی مکدر ہونے کے زیادہ قریب ہے روشن ہونے کے بہ نسبت اور یہ دل میں اُن کے بغض و عناد پیدا ہونے سے زیادہ قریب ہے بہ نسبت محبت و مودّت پیدا ہونے کی۔
حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ نے فرمایا : میں بہت سی چیزوں سے چشم پوشی کر لیتا ہوں اور میں چشم پوشی پر قادر ہوں ، کوئی اَندھا پن کی وجہ سے چشم پوشی اختیار نہیں کرتا لیکن بعض اوقات بینا شخص چشم پوشی اختیار کرتا ہے۔ اور بہت سی چیزوں کے متعلق بولنے کی قدرت ہونے کے باوجود خاموشی اختیار کرتا ہوں اور بولنے کے سلسلے میں ہم پر کوئی اَمیر نہیں ہے۔
٩۔ خدمت کرنا
جان کے ذریعے اور جاہ و مال کے ذریعے خدمت کرنا۔
١٠۔ احسان نہ جتلانا اور بدلے کا طالب نہ ہونا
یہ بات پہلے گزر چکی ہے کہ صلہ رحمی کرنے والا بدلے کے مقابلے میں صلہ رحمی نہیں کرتا۔ اور بقاء تعلق و محبت کا طریقہ یہ ہے کہ اِنسان رشتہ داروں کے ساتھ بخشش کا معاملہ کرے اور بدلے کا مطالبہ نہ کرے اَور یہ کہ اپنی عطا اور بخشش یا بار بار تشریف آوری کا احسان اُن پر نہ جتلائے۔
١١۔ رشتہ داروں کی طرف سے قلیل پر بھی نفس کو رضا مند کرنا
عقلمند اور کریم النفس شخص اپنا حق کامل اور پورا پورا وصول نہیں کرتا بلکہ تھوڑے پر راضی ہوتا ہے اور رشتہ داروں کی طرف سے جو کوتاہی ہوتی ہے اُس سے عفو و دَرگزر کرتا ہے یہاں تک کہ اُس کی وجہ سے اُن کے دل اِس کی طرف مائل ہو جاتے ہیں اور اِس کی محبت اُن کے ہاں باقی رہتی ہے۔
١٢۔ حال و خیریت و عافیت معلوم کرنا اور اُن کی طبیعت کے موافق معاملہ کرنا
بعض رشتہ دار تھوڑی سی چیز پر راضی ہو جاتے ہیں ، سو اِس کے لیے تو سال میں ایک مرتبہ دیدار کرنا اور ٹیلفون پر گفتگو کرنا اُس کے لیے کافی ہے، بعض صرف خندہ پیشانی اور بشاشتِ چہرہ سے خوش ہوتے ہیں ، بعض اپنا حق کامل معاف کر دیتے ہیں اور بعض بار بار آنے کے بعد راضی ہوتے ہیں ، اُن کے ساتھ اُن ہی کی حالت کے موافق معاملہ کرنا صلہ رحمی اور بقاءِ محبت میں معین ثابت ہوتا ہے۔
١٣۔ رشتہ داروں سے بے تکلفی
یہ بھی صلہ رحمی کے سلسلے میں معین ثابت ہو تی ہے بلکہ صلہ رحمی پر اُبھارتی ہے، رشتہ دار جب دیکھتے ہیں کہ فلاں شخص بناؤٹی اور تکلف کر نے والا نہیں بلکہ بے تکلف ہے تو اُس کے ساتھ صلہ رحمی کر نے اور اُس کی زیارت پر زیادہ اُنس و محبت کا مظاہرہ کر تے ہیں ۔
١٤۔ زیادہ ڈانٹ نہ پلانا
تاکہ رشتہ دار آنے سے مانوس ہوں اور اِس سے خوش ہوں ، کریم النفس شخص وہ ہے جو لوگوں کے حقوق اَدا کرے اور اگر کوئی اُس کے حقوق میں کوتا ہی کرے تو چشم پوشی کرے اور اگر قابلِ عتاب خطا کسی سے سر زد ہو بھی جائے تو عتاب میں نرمی و شفقت کا مظاہرہ کرے۔
١٥۔ رشتہ داروں کے عتاب کو برداشت کرنا اور صحیح محمل پر اُسے محمول کرنا
اہل فضل و کمال کی عادت یہ ہوتی ہے کہ اُن کی مروّت و اَخلاق کامل اور اُن کی شان اعلیٰ ہو تی ہے۔ اپنے حلم حسن تربیت اور عمدہ اخلاق کی وجہ سے لوگوں کے ساتھ فراخ دِلی کا مظاہرہ کرتے ہیں جب کوئی رشتہ دار سرزنش اور سختی کرتا ہے اُس کے حق میں کوتا ہی کرنے کی وجہ سے، معتوب حضرات صحیح محمل پر محمول کر تے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ عتاب کر نے والا ہم سے محبت اور شفقت کر رہا ہے، ہمارے آنے پر حریص ہے وہ اِس بات کو محسوس کر کے کوتا ہی کر نے پر عذر خواہی کر تے ہیں یہاں تک کہ اُس کی تیزی اور شدت میں کمی آ جاتی ہے۔
بعض لوگ محبت اور شفقت کر تے ہیں لیکن اِس کے باوجود زیادہ ملامت کی وجہ سے اُنہیں اِس کی تعبیر کرنا نہیں آتی جبکہ کریم لوگ اُن کے ساتھ اچھا معاملہ کر تے ہیں اور اُن کے کلام کو اچھے محمل پر محمول کرتے ہیں اور بزبانِ حال وہ کہتے ہیں کہ اگر اسلوب بیان میں تم سے غلطی واقع ہوئی ہے مگر حسن نیت میں تم سے خطاء واقع نہیں ہوئی۔
١٦۔ رشتہ داروں کے ساتھ مزاح کر نے میں میانہ روی اختیار کرنا
حالات و طبائع کا لحاظ کر تے ہوئے مزاح کرنا اَور جو مزاح کا متحمل نہ ہو اُس سے بالکل ہی مزاح نہ کرنا۔
١٧۔ لڑائی جھگڑے سے اِجتناب کرنا
انتقام جوئی ، لڑائی جھگڑ ے کی کثرت بغض وغیرہ کا سبب بنتی ہے، آدمی کے لیے بہتر یہی ہے کہ رشتہ داروں کے ساتھ مدارات کا معاملہ کرے اور ہر اُس چیز سے دُور رہے جس سے محبت کی روشن فضا مکدر ہوتی ہو۔
١٨۔ اختلاف ہونے کی صورت میں ہدیہ پیش کرنے میں جلدی کرنا
ہدیہ محبت پیدا کر کے بدگمانی کا دفاع کر دیتا ہے اور دِلوں کے گند کو نکال کر باہر کر دیتا ہے۔
١٩۔ اِس بات کا استحضار کہ رشتہ دار جسم کا ایک حصہ ہیں
آپ کیلیے اُن سے کوئی چارہ کار نہیں اُن کی عزت آپ کی عزت ہے اُن کی ذلت آپ کی ذلت ہے۔ عرب کہتے ہیں : تیری ناک تیری ہے اگر چہ اِس سے رطوبت جاری ہو تمہاری اَصل تمہاری ہے خواہ خاردار ہو۔
٢٠۔ رشتہ داروں سے دُشمنی
یہ بات پیشِ نظر ہے کہ رشتہ داروں سے دُشمنی بہت شر انگیز ہے ، سو اِس میں نفع مند شخص نقصان اُٹھانے والا ہے اَور انتقام لینے ولا شکست خور دہ ہے۔
٢١۔ ولیموں اور دعوتوں میں رشتہ داروں کو یاد رکھنا
اِس کا طریقہ یہ ہے کہ رشتہ داروں کے نام اور ٹیلیفون نمبر اپنے پاس ایک ورقہ میں لکھ کر محفوظ کرے، جب دعوت کا موقع ہو تو اُس ورقہ کو کھول کر دیکھ لے تمام رشتہ دار یاد آ جائیں گے، پھر اُن کے پاس جا کر یا بذریعہ ٹیلیفون رابطہ کر کے دعوت دے دے، اِس کے باوجود اگر کوئی رہ جائے تو اُس کے پاس جا کر معافی تلافی کر ا کے خوشنودی کے لیے بھر پور کو شش جاری رکھے۔
٢٢۔ آپس میں صلح صفائی پر منحصر رہنا
رشتہ داروں کے لیے خصوصاً اُن لوگوں کے لیے جن کے دلوں میں اللہ تعالیٰ نے محبت عطا کی ہوئی ہے ،صلح پر اصرار کرتے رہنا بہت ضروری ہے کہ فساد ہونے کی صورت میں صلح صفائی کرنے کی کوشش کریں اور اِس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی سے کام نہ لیں اِس لیے کہ اگر آپس میں پیدا ہونے والے فساد ات کو صلح صفائی کے ذریعہ رفع دفع نہ کیا گیا تو وہ سب کو اپنے لپیٹ میں لے کر پھیلتے چلے جائیں گے۔
٢٣۔ تقسیمِ میراث میں جلدی کرنا
تاکہ ہر ایک اپنا اپنا حصہ وصول کر لے اور جھگڑے و مطالبات کا سلسلہ نہ ہو اَور رشتہ دار وں کے درمیان تعلقات خالص ہوں اور ہر قسم کے مکدرات سے خالی ہوں ۔
٢٤۔ شرکت میں اِتحاد و اِتفاق
جب رشتہ دار کسی معاملہ میں شریک ہوں تو ہر ایک کی کو شش یہ ہو کہ اتحاد و اِتفاق برقرار رہے اور آپس میں محبت و ایثار کو فروغ دیں ۔ مشورہ و مہربانی اور صدق و امانت سے کام لیں ۔ ہر ایک ساتھی کے لیے وہی پسند کرے جو اپنے لیے پسند کرے اور ہر چیز کے منافع و مضرات سے واقف رہے۔ ہر قسم کی مشکلات کے حوالے سے نہایت واضح اَنداز میں بحث و مباحثہ کریں ، مشکلات کے دفعیہ کی کو شش کریں ، کام میں مخلص رہیں ، ایک دُوسرے سے چشم پوشی کریں اور بہتر بات یہ ہو گی کہ آپس کے معاملات میں جو چیزیں ہیں اُن کو لکھ کر رکھیں ۔ جب اِس طریقہ کار پر پابند ہوں گے تو آپس میں شفقت پیدا ہو گی اور مشترکہ کاروبار میں برکت ہو گی۔
٢٥۔ معیاری اجلاس
ماہانہ یا سالانہ وغیرہ اجلاس رکھیں ، اِس میں خیرو برکت ہوتی ہے، آپس میں تعارف تعلق اور خیر خواہی کا موقع ملتا ہے جبکہ اِس کے منتظم اہلِ علم حضرات ہوں ۔
٢٦۔ صندوقِ قرابت
جس میں رشتہ داروں کے تبرعات و مشترک چیزیں جمع کی جائیں اور کسی آدمی کو اُس کا نگران مقرر کر دیا جائے، جب خاندان والوں میں سے کسی کو شادی بیاہ اَور دیگر مصائب و آفات میں پیسوں کی ضرورت پڑے تو اُن کی مدد اِن پیسوں کے ذریعہ کی جائے، اِس کی وجہ سے محبتیں و اُلفتیں بڑھیں گی۔
٢٧۔ گائیڈ بُک
رشتہ داروں کے لیے بہتر یہ ہے کہ اُن میں سے کوئی آدمی ایک گائیڈ بُک لکھے جو تمام رشتہ داروں کے ناموں پتوں اور فون نمبرز پر مشتمل ہو، پھر اُس کو طبع کر کے تمام رشتہ داروں میں تقسیم کر دے، یہ طریقہ صلہ رحمی کے لیے معین ثابت ہو گا۔ سلام دُعا، تمام دعوتوں اور ولیموں اور اِسی طرح دُوسرے مواقع میں یاد کرنے میں آسانی ہو گی۔
٢٨۔ تکلیف اور مشقت میں مبتلا کرنے سے بچے
ہر اُس چیز سے بچنے کی کوشش کرے جو اِس نتیجہ پر پہنچائے، اِس لیے کہ اِنسان ہمیشہ راحت کا طلبگار رہتا ہے اور جس چیز میں تکلیف ہو اُس سے بچتا ہے، لہٰذا اپنے رشتہ داروں کے حالات کا لحاظ رکھنا چاہیے اور اُنہیں کسی ایسی چیز میں مبتلا نہ کریں جو اُنہیں مشقت میں نہ ڈال دے اَور نہ ہی اُن کی تھوڑی بہت کوتاہیوں پر ایسی ملامت کرے جسے برداشت کر نے کی اُن میں سکت نہ ہو۔
٢٩۔ مشورہ کرنا
رشتہ داروں کے لیے مناسب بات یہ ہے کہ اُن کے لیے مجلسِ شوری ہو، ایسی کمیٹی ہو جو پیش آنے والے مسائل میں رشتہ داروں سے باہمی مشورہ کرے جس میں ایک طرف اگر اجتماعیت کی حفاظت ہے تو دُوسری طرف تمام کام حکمت اور رضامندی کے ساتھ طے ہوتے ہوں ۔
( بشکریہ : ماہنامہ وفاق المدارس ،ملتان) ماخذ:
http://www.ilmedin.com/forum/ تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
قطع رحمی ....... قرآن وسنت کی روشنی میں
شیخ محمد ابراہیم صاحب الحمد
ترجمہ: عبد اللطیف معتصم
قطع رحمی کے اسباب
قطع رحمی کے مختلف اسباب ہیں
١۔
جہالت : قطع رحمی کے عواقب اور انجام سے ناواقفیت جس کی وجہ سے قطع رحمی
کرنے پر اُتر آتا ہے چنانچہ صلہ رحمی کے فضائل اور خوبیوں سے جہالت قطع
رحمی کا باعث بنتی ہے۔
٢۔ ضعفِ تقوی : جب تقوی اور
خوفِ خدا اور آخرت کا جذبہ ضعیف و کمزور ہو تو اِنسان کو قطع رحمی کرتے
ہوئے کوئی پرواہ نہیں ہوتی باوجود اِس کے کہ اللہ تعالیٰ نے صلہ رحمی کا
حکم دیا ہے، ایسے شخص کو نہ صلہ رحمی کے اَجر کمانے کی فکر ہوتی ہے اور نہ
ہی قطع رحمی کے نقصانات کا اَندیشہ ہوتا ہے۔
٣۔ تکبر : بعض لوگ جب کسی بڑے منصب پر پہنچ جاتے ہیں یا کسی بلند مرتبے پر فائز ہو جاتے ہیں یا کوئی بڑا تاجر بن جائے تو رشتہ داروں کو حقیر سمجھنے لگ جاتے ہیں اور اُن کی زیارت کرنے اور اُن سے محبت سے پیش آنے میں عار محسوس کرتے ہیں اِس خیال کے پیشِ نظر کہ میرا حق بنتا ہے کہ لوگ میرے پاس آئیں اور میری زیارت سے مشرف ہوں ۔
٤۔ طویل جدائی : بعض
اوقات ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شخص ایک لمبا عرصہ اپنے رشتہ داروں سے کسی وجہ
سے ملاقات نہیں کر پاتا جس کی وجہ سے اُسے اپنے رشتہ داروں سے ایک گونہ
وحشت محسوس ہونے لگتی ہے چنانچہ پھر وہ ملاقات کرنے میں مزید تاخیر کرنے
لگتا ہے جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آہستہ آہستہ قطع رحمی پیدا ہونے لگتی
ہے اور یہ شخص اِس خود پسندی کے نتیجے میں علیحدہ گی پسند بن جاتا ہے۔
٥۔
سخت اِظہارِ ناراضگی : بعض لوگوں کے پاس جب اُن کے رشتہ داروں میں سے کوئی
ایک طویل عرصے کے بعد ملاقات کر نے آ جائے تو بے تحاشہ غیظ و غضب کا اظہار
کر دیتا ہے کہ آنے میں اِتنی تاخیر کیوں کی؟ جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ
آنے والے کے دِل میں نفرت پیدا ہو جاتی ہے اور اُس کے پاس آنے سے گھبراتا
ہے اور قطع رحمی کرنے لگ جاتا ہے۔
٦۔ زیادہ تکلُّف
کرنا : بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ جب کوئی رشتہ دار ملنے آتا ہے تو
اُس کے اکرام و تواضع میں میزبان حد کر دیتا ہے اور بہت سارا مال ضائع کر
دیتا ہے جبکہ اُس کی مالی استطاعت اِتنی نہیں ہوتی چنانچہ رشتہ دار اُس کے
پاس آنے سے کتراتے ہیں کہ اُس کو نقصان سے بچائیں ۔
٧۔
مہمانوں کے ساتھ بے توجہی : بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ جب اُن کے پاس رشتہ
دار آتے ہیں تو میزبان کی طرف سے توجہ نہیں ملتی ،نہ اُن کی بات غور سے
سنتا ہے، نہ محبت کا اظہار کرتا ہے، نہ اُن کے آنے پر شکریہ اَدا کرتا ہے،
نہ خوش ہوتا ہے، ترش رُوئی اور سرد مہری سے پیش آتا ہے جس کی وجہ سے
مہمانوں کے دِل میں اُس کے دیدار کا شوق کم ہو جاتا ہے اور یہ روِش رفتہ
رفتہ قطع رحمی کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)